{ads}

ایڈیٹر


 تسلسل اور روانی کا نام ہی زندگانی ہے۔ اس میں کبھی کمی ہوتی ہے، کبھی بیشی۔ کبھی ہم تھک جاتے ہیں، کبھی رک جاتے ہیں۔ کبھی سست پڑ جاتے ہیں، کبھی الجھ جاتے ہیں، کبھی کہیں رک کر سستاتے ہیں، ایک وقفہ لے کر، تازہ دم ہو کر پھر سے چل پڑتے ہیں، زندگی کے کارواں کی یہی نشانی ہے۔

حال حوال ایک برس کے دَم لینے کے وقفے کے بعد ایک بار پھر اسی کارواں کی صورت آپ کے سامنے ہے۔

عالمی یومِ صحافت، تین مئی 2016ء سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والے اس کارواں کو بھی اس مختصر سفر میں کبھی رکنا پڑا، کبھی تھکنا پڑا، کبھی کہیں الجھنا پڑا اور کبھی کہیں سستانا بھی پڑا لیکن بالآخر ہم تازہ دم ہو کر پھر سے اپنی مٹی کے ساتھ
جڑے آگے چلنے کا عزم لیے، سفر آغاز کر رہے ہیں۔ 


سات برس قبل جب ہم نے حال حوال کا آغاز کیا تھا تو بلوچستان کی حد تک آن لائن میڈیا اور بلاگنگ ویب سائٹس کے میدان میں یہ ایک نیا قدم تھا۔ اس سے پہلے چند ایک انگریزی ویب سائٹس موجود تھیں مگر ان کا حلقہ اور دائرہ نہایت محدود تھا۔ چند مقامی اخبارات اپنی ویب سائٹس لائچ کر چکے تھے مگر وہاں بھی زیادہ تر اخبار کا ڈیجیٹل ایڈیشن اور تازہ خبریں ہی نشر ہوتی تھیں۔ بلاگنگ یا خصوصی رپورٹس (فیچر رپورٹس) کا کوئی رجحان نہ تھا۔

حال حوال نے اس خانے کو پُر کیا اور بلاگ لکھنے و شائع کرنے کا رجحان ڈالا۔ چند ہی برسوں میں نئے لکھنے والوں کی ایک کھیپ سامنے آئی جو بعدازاں ملکی و عالمی آن لائن پلیٹ فارمز پہ بھی لکھنے اور چھپنے لگے۔ نہ صرف یہ بلکہ دیکھتے ہی دیکھتے بلوچستان سے کئی ایک بلاگنگ ویب سائٹس بھی شروع ہو گئیں، جن میں سے چند ایک اب بھی جاری ہیں۔ 

اب سات برس بعد، حال حوال کے نئے جنم پہ ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ آن لائن میڈیا اب ایک قدم آگے بڑھ کر ڈیجیٹل میڈیا کی فارم میں ڈھل چکا ہے۔ اب آواز، تحریر کی جگہ لینے لگی ہے یا اس کی ہم سری کرنے لگی ہے۔ نئے عہد کا قاری اب سامع میں ڈھل رہا ہے۔ وہ پڑھنے سے زیادہ دیکھنے اور سننے میں سہولت محسوس کرتا ہے مگر لکھے ہوئے لفظ کی طاقت اور حرمت بھی ابھی قائم ہے۔

اس لیے حال حوال کو اب ہم ایک نئی شکل میں پیش کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے دو مرکزی حصے ہوں گے۔ پہلا حصہ حال ہو گا، جس میں عوامی مفاد اور مسائل کے پیشِ نظر خصوصی رپورٹس شائع اور نشر کی جائیں گی، دوسرا حصہ حوال ہو گا جس میں بلاگ اور وی لاگ پیش ہوں گے۔ 

ہماری کوشش ہو گی کہ تحریری مواد کے ساتھ ساتھ وڈیو رپورٹس اور وی لاگنگ بھی وافر طور پر پیش ہوں تاکہ ڈیجیٹل ورلڈ میں بلوچستان کی معتبر آواز سنائی دے اور لکھنے والوں کی نئے عہد کے قاری کے ساتھ جڑت پیدا کی جا سکے۔

ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان ہر میدان میں جدید عہد کے ساتھ قدم ملا کر چلتا ہوا نظر آئے۔ حال حوال ڈیجیٹل میڈیا کے  میدان میں  بلوچستان کے اس مقام کے لیے کوشاں رہے گا۔  

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی