مرکزی صفحہ / فنی و ادبی حال / گوادر ڈگری کالج میں عطا شاد کی یاد میں تقریب

گوادر ڈگری کالج میں عطا شاد کی یاد میں تقریب

بالاچ قادر

عطا شاد ایک عظیم فلسفے کا نام ہے، عطا نے اپنے شاعری میں بلوچستان کے حالات کی منظر کشی کی ہے، زندہ اقوام اپنی عظیم شخصیات کو یاد رکھتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عابد رحیم سہرابی، معروف لکھاری پروفیسر میر بلوچ خان، بالاچ قادر، حفیظ اللہ آزات، پرویز ہمراز اور جلیل بلوچ نے عطا شاد کی اکیسویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سید ظہورشاہ ہاشمی ڈگری کالج گوادر میں گزشتہ روز اردو اور بلوچی کے نامور شاعر و ادیب عطا شاد کی اکیسویں برسی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس کی صدارت کالج میں شعبہ بلوچی کے لیکچرار میر بلوچ خان نے کی، تقریب کے مہمانِ خاص میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عابد رحیم سہرابی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عطا شاد صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ عظیم فکر و فلسفے کا نام ہے، انہوں نے بلوچی شاعری کو نئی جہت بخشی ہے، ان کا اندازِ بیاں، الفاظ کی ترتیب اور استعارے بے مثال ہیں۔ عطا شاد نے اپنی شاعری کے ذریعے بلوچستان کے حالات کی بخوبی منظر کشی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عطا شاد اردو اور بلوچی کے ایک شاعر کے علاوہ عظیم فن کے مالک تھے۔ وہ ریڈیو پاکستان، آرٹس کونسل، تعلقات عامہ سمیت دیگر سرکاری عہدوں پر فائز رہے لیکن ان کی شخصیت میں تبدیلی نہیں آئی۔ عطا اپنے ڈپارٹمنٹ کے ایک چپراسی سے ویسا ہی طرح سلوک کرتے تھے جس طرح وہ بڑے افسران سے پیش آیا کرتے تھے۔ وہ ایک رحمدل اور ہر دلعزیز شخصیت تھے۔ انہوں نے بلوچستان کے پہاڑوں، چشموں، دریاؤں، ریگزاروں، ملگزاروں اور حسین سینریز کو اپنی شاعری میں استعمال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عطا مظلوم لوگوں کے ہمدرد اور ظلم کرنے والوں کو اپنی شاعری میں للکارتے تھے۔ ان کو اپنی زمین، اپنی قو م و ثقافت سے بے حد عشق و محبت تھی۔ مقررین نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی عظیم شخصیات کو یاد رکھتی ہیں۔ عطا ایک فن کا نام ہے جس کو ہم بھول نہیں سکتے۔

تقریب کے دوسرے حصے میں عطاشاد کے نام ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں میر بلوچ خان، اللہ بخش حسرت، بالاچ قادر، ولید وفا، موسیٰ یار، یونس رضا، آصف بوہیر، بشیرشاد، حنیف حیدر، جلیل بلوچ، عبدالسلام، بلال رہچار، حفیظ اللہ آزات، وارث بلوچ، ابراہیم راز، سمیر احمد و دیگر نے اپنا کلام پڑھ کر سنایا۔ دریں اثنا ارمان اکبر کی جانب سے ایک ون مین ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔

Facebook Comments
(Visited 17 times, 1 visits today)

متعلق بالاچ قادر

بالاچ قادر
بالاچ قادر نوجوان طالب علم ہیں۔ گوادر سے تعلق رکھتے ہیں۔ سماجی موضوعات پہ بلاگ لکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ balachqadir23@gmail.com