مرکزی صفحہ / بیادِ لالہ صدیق بلوچ / بیادِ لالہ صدیق بلوچ

بیادِ لالہ صدیق بلوچ

ندیم فیروزئی

یہ 1994 کی بات ہے، جب میں نے بلوچستان یونیورسٹی میں ایم اے صحافت میں داخلہ لیا۔ میرے کزن اور یونیورسٹی میں میرے کلاس فیلو محمد پناہ بلوچ کے توسط سےمیری پہلی ملاقات جناب صدیق بلوچ صاحب سے ان کے اخبار بلوچستان ایکسپریس اس وقت واقع فیض محمد روڈ کوئٹہ میں ہوئی۔

میں نے ایم اے صحافت کی انٹرشپ بھی ان کی زیرنگرانی بلوچستان ایکسپریس میں کی اور اپنے کیرئیر کی شروعات روزنامہ بلوچستان ایکسپریس میں بطور کرائم رپورٹر کی۔ تین ماہ کی انٹرشپ اور بطور کرائم رپورٹر کام کرتے ہوئے مجھے صدیق بلوچ صاحب کی شخصیت کو قریب سے دیکھنے اور سمجنھے کا موقع ملا۔

ان سے پیشہ ورانہ رہنمائی، محبت اور شفقت پائی۔ میں پہلی ملاقات میں ہی ان کی شفیق شخصیت کا ایسا گرویدہ ہوا کہ پھر ان کے ساتھ محبت کا قائم ہونے والا رشتہ پچیس سال کے طویل عرصے پہ محیط رہا۔ یہ تعلق ان کی وفات تک ان سے قائم رہا۔

لالہ صدیق بلوچ ایک خوش شکل، خوش لباس ، خوش اخلاق اور خوش مزاج انسان تھے۔ وہ اچھے اسپورٹس مین تھے۔ اسکول کے زمانے سے ہی فٹ بال کے اچھے کھلاڑی تھے اور کراچی یونیورسٹی کی فٹ بال ٹیم کے کپتان بھی رہے۔

آپ ایک دانش ور، بلوچستان کے حقوق کے لیے قلم کے ذریعے جہدوجہد کرنے والے صحافت کے میدان کے مردِ مجاہد تھے۔ آپ نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی اور اس سلسلے میں قید و بند کی صوبتیں اور اپنے صحافتی ادارے کا مالی نقصان برداشت کیا۔ نہایت نامساعد حالات میں بھی اخبارات کا اجرا اور ملازمین کو بروقت تنخواہ کی ادائیگی جاری رکھی۔ صدیق بلوچ صاحب مالی مشکلات اور حکومتی دباؤ کو کبھی خاطر میں نہ لائے اور اپنے اصولوں پہ چٹان کی طرح قائم رہے۔

بلوچستان کے سیکڑوں نوجوانوں (بلا تفریق سیٹلرز، بلوچ پشتون) کے شفیق استاد لالہ صدیق بلوچ (مجھ سمیت اخبار کا تمام عملہ انھیں ماما کہتا تھا ) آج ماما صدیق بلوچ ہم میں نہیں رہے۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فر مائے انھیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فر مائے۔ آمین ثم آمین۔

میرے چھوٹے بھائیوں جیسے ان کے بیٹوں عارف بلوچ، آصف بلوچ، طارق بلوچ، ظفر بلوچ اور ان کے سب سے لاڈلے بیٹے صادق بلوچ کو اللہ تعالیٰ صبرِ جمیل عطا فرمائے، اس عظیم صدمہ کو سہنے کی سکت دے اور اپنے عظیم والد کے مشن کو آگے لے کر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

Facebook Comments
(Visited 12 times, 1 visits today)

متعلق حال حوال

حال حوال
"حال حوال" بلوچستان سے متعلق خبروں، تبصروں اور تجزیوں پہ مبنی اولین آن لائن اردو جریدہ ہے۔