مرکزی صفحہ / علمی حال / گریجویشن نتائج پر تحفظات: گوادر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ الائنس کی ڈائریکٹر یونیورسٹی و ڈی سی سے ملاقاتیں

گریجویشن نتائج پر تحفظات: گوادر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ الائنس کی ڈائریکٹر یونیورسٹی و ڈی سی سے ملاقاتیں

برکت اللہ بلوچ

گوادر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ الائنس کے وفد کی کوآرڈینیٹر برکت اللہ بلوچ کی قیادت میں ڈائریکٹر تربت یونیورسٹی گوادر کیمپس اعجاز احمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر انیس طارق سے ملاقات ہوئی۔

وفد نے ملاقات میں گریجویشن امتحان کے نتائج کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور تربت یونیورسٹی کی جانب سے قائم جائزہ کمیٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تربت یونیورسٹی کی جانب سے طلبا و طالبات کے تحفظات پر ایکشن لینا اور کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔ اس سے طلبا کی شکایات کے ازالے میں مدد ملے گی اور آنے والے وقتوں میں مبینہ غلطیوں کی گنجائش کو کم کیا جاسکتا ہے۔

وفد نے تربت یونیورسٹی گوادر کیمپس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے گوادر میں تعلیم کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار کا حامل قرار دیا اور کہا کہ تربت یونیورسٹی کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے اقدامات قابلِ ستائش ہیں، اس سے طلبا کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔

وفد نے کمیٹی کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں طلبا و طالبات کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ وہ اپنا کیس بہتر طور پر کمیٹی کے سامنے پیش کر سکیں۔

ڈائریکٹر گوادر کیمپس اعجاز احمد نے وفد کی تعلیم دوستی کو سراہا اور بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر انیس طارق سے ملاقات میں وفد نے ڈگری کالج گوادر میں لیکچرارز کی کمی اور تعلیمی بحران پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گریجویشن کے حالیہ مایوس کن نتائج کا سبب کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کا بحران ہے۔ گزشتہ سال گریجویشن کی کلاسز نہ ہونے کے سبب طلبا اتنی بڑی تعداد میں فیل ہوئے ہیں۔ وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بحیثیت جائزہ کمیٹی ممبر طلبا کے خدشات و تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ وفد کی جانب سے لیکچرارز کی عارضی کمی کو پورا کرنے کے لیے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں کی عارضی تقرری کی بھی تجویز پیش کی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انیس طارق نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بحیثیت کمیٹی ممبر وہ میٹنگ میں گوادر کے طلبا کی بھرپور نمائندگی کریں گے اور طلبا کے جائز مطالبات کو منوانے کی کوشش کی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انیس طارق نے کالج کی صورت حال پر جلد از جلد ایکشن لینے اور لیکچرارز کی تقرریوں کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کا اعلان کیا۔

گوادر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ الائنس کے دیگر ارکان میں بی ایس او کے مرکزی کمیٹی کے رکن اسماعیل عمر، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے میر عامر، بی ایس او پجار کے مولابخش بلوچ، انجینئر ایاز بلوچ، شاہجہان بلوچ اور بالاچ بلوچ شامل تھے۔

Facebook Comments
(Visited 55 times, 1 visits today)

متعلق برکت اللہ بلوچ

برکت اللہ بلوچ
برکت اللہ بلوچ گوادر یوتھ فورم کے سربراہ ہیں نہ صرف گوادر کے نوجوانوں لیے اس فورم پر آواز بلند کرتے ہیں ان کے مسائل پر قلم کشائی بھی کرتے ہیں۔