مرکزی صفحہ / سماجی حال / گوادر شہر کو پانی کی سپلائی سات دن سے بند

گوادر شہر کو پانی کی سپلائی سات دن سے بند

عبدالحلیم

بین الاقوامی اہمیت والے شہر گوادر میں پانی کی سپلائی گزشتہ سات دن سے بند ہے۔

پانی کی سپلائی ٹینکر مالکان نے کرایوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے روک دی ہے۔

واضح رہے کہ آنکاڑہ ڈیم خشک ہونے کے بعد گوادر کے شہریوں اور نواح کے علاقہ مکینوں کو عارضی بنیادوں پر میرانی ڈیم سے پانی کی سپلائی شروع کی گئی ہے جس کے لیے کل 417 چھوٹے بڑے ٹینکروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

یومیہ لاکھوں روپے کے کرائے کے عوض یہ ٹینکر میرانی ڈیم سے پانی فراہم کر رہے ہیں لیکن کرایوں کی ادائیگی میں ہونے والی تاخیر اور حکومت کی سردمہری کے باعث ٹینکر مالکان کا صبر جواب دے گیا ہے۔

ٹینکر مالکان کو 5 ماہ قبل حکومتی چیک جاری کیے گئے تھے جو تاحال کیش نہیں ہوئے ہیں۔
چیک کے کیش نہ ہونے پر ٹینکر مالکان نے ہڑتال شروع کر دی ہے۔

ٹینکر مالکان کی ہڑتال کو ایک ہفتہ مکمل ہو چکا ہے اور گزشتہ سات دن سے گوادر شہر کو ایک بوند پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ پانی کی سپلائی بند ہونے کے بعد سرکاری ٹینکس اور شہریوں کے پاس جمع شدہ پانی کا ذخیرہ بھی ختم ہونے جا رہا ہے۔ آئندہ کچھ دنوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

تاہم ٹینکر مالکان نے کہا ہے کہ اب تک ان کو کرایوں کی ادائیگی کا کوئی مثبت جواب نہیں مل رہا اور نہ ہی صوبائی حکومت نے فنڈ ریلیز کیا ہے۔

Facebook Comments
(Visited 18 times, 1 visits today)

متعلق عبدالحلیم

گوادر میں مقیم عبدالحلیم کل وقتی صحافی ہیں۔ مقامی مسائل کی کوریج میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ صحافت اور ادب کے امتزاج سے کام کو ترجیح دیتے ہیں۔ Email: haleemhayatan@gmail.com