مرکزی صفحہ / علمی حال / تربت یونیورسٹی گریجویشن نتائج کے خلاف طالبات کا احتجاج

تربت یونیورسٹی گریجویشن نتائج کے خلاف طالبات کا احتجاج

برکت اللہ بلوچ

بی اے ، بی ایس سی کے حالیہ خراب نتائج کے خلاف گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کے طالبات کی جانب سے تربت یونیورسٹی کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی گوادر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔

پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طالبات کا کہنا تھا کہ انہیں ایک سازش کے تحت فیل کیا گیا ہے، سیکڑوں کی تعداد میں طالبات کو فیل کر کے تعصب کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ یہ گوادر کی طالبات کے ساتھ زیادتی کی انتہا ہے۔ پہلے گوادر کی ملازمتوں پر ہاتھ صاف کیا جاتا تھا، اب طالبات کو فیل کر کے دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالج میں لیکچرارز کی شدید کمی ہے اور اہم مضامین کے لیکچرارز موجود نہیں، نہ ہی سلیبس مکمل کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود ہم نے اپنی محنت اور تیاری کے ساتھ پیپرز دیے ہیں لیکن ہمارے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کر کے ہماری ہونہار طالبات کو زبردستی فیل کیا گیا ہے۔ سیکڑوں کی تعداد میں طلبا کا فیل ہونا نہ صرف المیہ ہے بلکہ نتائج کو بھی مشکوک بنا دیتا ہے۔ طالبات نے امتحانی رزلٹ کارڈز میں موجود نقائص کو بھی امتحانی نتائج کی عدم شفافیت کا ثبوت قرار دے دیا۔

انہونے مذید کہا ہے کہ تربت یونیورسٹی نے امتحانات کو ایک کاروبار کا ذریعہ بنایا دیا ہے، امتحانی فیس کی مد میں لاکھوں روپے بٹورے جاتے ہیں۔ طلبا کو امتحان میں زبردستی فیل کر کے سپلی امتحان کے نام پر غریب طلبا کو لوٹا جاتا ہے جو یہاں کے غریب طلبا پر ظلم کی انتہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ گوادر کے مقابلے میں مکران کے دیگر اضلاع میں طلبا کو کھلے عام نقل کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس کی بنا پر ان اضلاع میں طلبا کا پاسنگ ریشو گوادر سے بہتر ہے، نقل کرنے والوں کو پوزیشنیں بھی دی گئی ہیں جب کہ گوادر کی طالبات کو نقل نہ کرنے کی سزا فیل کرنے کی صورت میں دی گئی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے پیپرز ان کے سامنے ری چیک کیے جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ طالبات نے تربت یونیورسٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تبدیلی بورڈ کا مطالبہ بھی کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا ہے تو وہ عدالت سے رجوع کریں‌گے۔

Facebook Comments
(Visited 76 times, 1 visits today)

متعلق برکت اللہ بلوچ

برکت اللہ بلوچ
برکت اللہ بلوچ گوادر یوتھ فورم کے سربراہ ہیں نہ صرف گوادر کے نوجوانوں لیے اس فورم پر آواز بلند کرتے ہیں ان کے مسائل پر قلم کشائی بھی کرتے ہیں۔