مرکزی صفحہ / سماجی حال / جھل مگسی میں بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی سرگرمیاں

جھل مگسی میں بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کی سرگرمیاں

سکندر علی مگسی

بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام ضلع جھل مگسی میں بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ کمیونٹی ایمپاورمنٹ پروگرام (BRDCEP) جاری ہے۔ جس کے تحت غربت سروے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس سروے سے نہ صرف غربت بلکہ پینے کا صاف پانی، تعلیم، صحت، روزگار، معذور افراد کی تعداد معلوم ہو سکے گی بلکہ دیگر معاشی اور سماجی مسائل کی نشاندہی بھی ہو گی۔

بی آر ایس پی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بی آر ایس پی غربت میں کمی لانے کے لیے صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں کام کر رہا ہے۔ اس حوالے سے ضلع جھل مگسی کی تحصیل جھل مگسی کے یونین کونسل کوٹ مگسی میں غربت سروے کے تکمیلی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے کیرتھر لوکل سپورٹ آرگنائزیشن کے آفس میں مباحثے کا انعقاد کیا گیا جس میں یونین کونسل کے چیئرمین وائس چیئرمین کونسلران اور علاقے کے دیگر معتبرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر مباحثے کے شرکا کو یورپی یونین کے مالی تعاون، بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ کمیونٹی امپاورمنٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ضلع میں غربت میں کمی لانا ہے۔ اس سلسلے میں یونین کونسل کوٹ مگسی میں پاورٹی سکور کارڈ کے ذریعے غربت سروے کا کام مکمل ہو چکا ہے جس کی مدد سے ہم بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یونین کونسل میں کل کتنے گھرانے ہیں، جس سے لوگوں کا معیارِ زندگی اور ضروریاتِ زندگی کی نشان دہی میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر بی آر ایس پی واشک کے سوشل آرگنائزر محبوب علی مگسی نے یونین کونسل کی لسٹ پڑھ کر سنائی۔ تمام شرکا نے اس پر اتفاق کیا۔ اتفاق رائے سے چیئرمین یونین کونسل نے تکمیلی سرٹیفکیٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ غربت میں کمی لانے کیلئے بی آر ایس پی کی کاوشیں قابلِ داد ہیں ۔ نہوں نے کہا کہ بی آر ایس پی کی جانب سے ترقیاتی عمل میں بلدیاتی نمائندگان کا رائے لینا اچھا اقدام ہے ۔ اس کے علاوہ بی آر ایس پی کے کام میں محنت اور شفافیت ہے میں اپنی اور یونین کونسل کے تمام ممبران کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

آخر میں ضلع جھل مگسی کے ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر محمد اسماعیل مستوئی نے شرکا سے کہا کہ بی آر ایس پی اب تنظیم سازی پر کام شروع کرے گی جو آنے والے دنوں میں کمیونٹی کی سطح پر (CO) کمیونٹی آرگنائزیشن ولیج آرگنائزیشن (VO) اور یونین کونسل کی سطح پر (Lso) لوکل سپورٹ آرگنائزیشن کا قیام عمل میں لایاجائے گا، اس طرح لوگ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے مسائل خود حل کرنے کے قابل ہوں گے۔ آئندہ یونین کونسل کے ترقیاتی منصوبوں میں چیئرمین ڈسٹرکٹ ممبر اور کونسلروں کی شمولیت یقینی طور پر ہوگی۔

Facebook Comments
(Visited 38 times, 1 visits today)

متعلق سکندر مگسی

سکندر مگسی
سکندر علی مگسی ایک سماجی کارکن ہیں۔ بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ سے ایم اے کر چکے ہیں۔ سماجی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحافتی سرگرمیاں بھی انجام دیتے ہیں۔ Sikandar_magsi786@yahoo.com