مرکزی صفحہ / علمی حال / جسٹس (ریٹائرڈ) شکیل بلوچ کا سکول آف لا جامعہ تربت کا دورہ

جسٹس (ریٹائرڈ) شکیل بلوچ کا سکول آف لا جامعہ تربت کا دورہ

نیوز ڈیسک

چار سال کے قلیل عرصے میں جامعہ تربت میں سکول آف لا کا قیام اور تعلیمی شعبہ جات میں دس ڈیپارٹمنٹ کااضافہ علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور یہاں کے لوگوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کی پوری ٹیم کی کاوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ممبر الیکشن کمیش آف پاکستان جسٹس (ریٹائرڈ) شکیل احمد بلوچ نے اسکول آف لا جامعہ تربت کے دورہ کے موقع پر طلبا وطالبات اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کے قیام اور اس کی تیزی رفتار ترقی سے لوگوں کے معیارِ زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور وہ تعلیم سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے۔

اسکول آف لا کے دورہ کے موقع پر جسٹس (ریٹائرڈ) شکیل احمد بلوچ کو ایل ایل بی پانچ سالہ پروگرام کے تحت جاری امتحانات کے سلسلے میں امتحانی مرکز کا بھی دورہ کرایاگیا جہاں انہوں نے نقل سے پاک صاف شفاف امتحانی نظام متعارف کرانے پر کنٹرولرامتحانات اور ان کے عملے کی کوششوں کو سراہا۔

اس سے پہلے ڈین فیکلٹی آف لا پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ممبر الیکشن کمیش آف پاکستان جسٹس (ریٹائرڈ) شکیل احمد بلوچ کو اسکول آف لا کے قیام کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیف جسٹس آف بلوچستان جناب جسٹس نورمحمد مسکانزئی کی خصوصی دلچسپی اور ہر ممکن تعاون کی بنا پر جامعہ تربت میں شعبہ قانون کا قیام عمل میں لایاگیا جسے بعد میں سکول آف لا کا درجہ دیا گیا۔

بعد ازاں جسٹس (ریٹائرڈ) شکیل احمد بلوچ نے جامعہ تربت کے مین کیمپس گھنہ کا بھی دورہ کیا جہاں سینئر فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مختلف تعلیمی امور، تحقیق اور عہدِحاضر کے تدریسی تقاضوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر رجسٹرار تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمان، ڈین فیکلٹی آف آرٹس، سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، ڈائریکٹرپلاننگ محمد حیات بلوچ، کنٹرولر امتحانات تنویر احمد ، اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر عبدالقیوم بلوچ، پی ایس او ٹو وائس چانسلر چاکر حیدر، لیکچرر ایڈوکیٹ نسیم جان، ایڈوکیٹ محمودبلوچ، اور ریاض احمد بھی موجود تھے۔

Facebook Comments
(Visited 25 times, 1 visits today)

متعلق نیوزڈیسک

نیوزڈیسک
حال حوال بلوچستان سے متعلق خبروں، تبصروں اور تجزیوں پہ مبنی اولین آن لائن اردو جریدہ ہے۔ نیوز ڈیسک سے شائع ہونے والی خبریں مختلف ذرائع سے حاصل کی جاتی ہیں، جن کی مکمل ذمہ داری ادارہ پہ عائد نہیں ہوتی۔