مرکزی صفحہ / علمی حال / بی ایم سی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بل اسمبلی میں‌ منظور

بی ایم سی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بل اسمبلی میں‌ منظور

نیوز ڈیسک

بلوچستان کے واحد میڈیکل کالج، بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بل بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں گزشتہ روز منظور کر لیا گیا، جس کے بعد اس بابت قانون سازی کا مرحلہ طے ہوتے ہی اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا.

بی ایم سی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بل صوبائی وزیرِ صحت رحمت صالح بلوچ کی جانب سے پیش کیا گیا، جس کی اراکینِ اسمبلی نے متفقہ طور پر منظوری دی.

صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ اس سے قبل بی ایم سی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے اور صوبے میں نئے میڈیکل کالجز کھولنے کا اعلان بارہا مختلف مواقع پر کر چکے ہیں. گزشتہ روز بالآخر انہوں نے اپنے اس وعدے کو عملی جامعہ پہناتے ہوئے اس کا بل اسمبلی سے منظور کروا لیا جس کے بعد اس بابت قانون سازی کی توقع کی جا رہی ہے.

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے واحد میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان مختلف حکومتوں کی جانب سے ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے لیکن اصل بات اسمبلی سے اس کی منظوری اور قانون سازی ہے، جس بابت پہلی بار عملی پیش رفت ہوئی ہے. جس کے پیشِ نظر توقع کی جا سکتی ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل بی ایم سی باقاعدہ یونیورسٹی کا درجہ اختیار کر جائے گا.

واضح رہے کہ بولان میڈیکل کالج کا قیام 1972 کے زمانے میں نیپ کے دورِ حکومت میں عمل میں لایا گیا. جس کے بعد گزشتہ لگ بھگ نصف صدی سے یہی ایک کالج صوبے کے شعبہ صحت کو افرادی قوت مہیا کرتا رہا ہے. جو بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل کے پیشِ نظر نہایت قلیل ہے. اس لیے صوبے میں مزید میڈیکل کالجز کے قیام ساتھ ساتھ بی ایم سی کو یونیورسٹی کا درجہ ملنا وقت کی اشد ضرورت ہے.

ڈاکٹر مالک بلوچ کے دورِ حکومت میں ہی خضدار، تربت اور لورالائی میں مزید تین میڈیکل کالجز کا اعلان ہو چکا ہے. ان میں سے تربت میں‌ میڈیکل کالج کی عمارت تیار ہو کر اپنا کام شروع کر چکی ہے، آئندہ برس وہاں باضابطہ داخلوں کا امکان ہے. خضدار اور لورالائی میں بھی اس پہ کام تیزی سے جاری ہے.

اب صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ کی جانب سے اسمبلی سے اس بابت بل منظور کروانے کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے بی ایم سی کو یونیورسٹی کا درجہ ملنے کا نوٹیفکیشن بھی اس دورِ حکومت میں جاری ہو جائے گا.

Facebook Comments
(Visited 22 times, 1 visits today)

متعلق حال حوال

حال حوال
"حال حوال" بلوچستان سے متعلق خبروں، تبصروں اور تجزیوں پہ مبنی اولین آن لائن اردو جریدہ ہے۔