مرکزی صفحہ / علمی حال / گرلز کالج سریاب مل میں سالانہ تقسیمِ انعامات و کالج میگزین کی تقریبِ رونمائی

گرلز کالج سریاب مل میں سالانہ تقسیمِ انعامات و کالج میگزین کی تقریبِ رونمائی

رپورٹ: سعدیہ مگسی

گورنمنٹ گرلز کالج کیچی بیگ سریاب مل کے زیراہتمام پیر 11دسمبر کوسالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب کے ساتھ کالج کے سالانہ میگزین ”ہزار گنج’’کی رونمائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خاص ایڈیشنل سیکریٹری تعلیمات ناصر دوتانی تھے۔جب کہ صدارت کالج کی پرنسپل پروفیسر غزالہ امبرین سمالانی نے کی۔پروفیسر رضیہ ملک تقریب کی اعزازی مہمان تھیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ، جس کی سعادت فرسٹ ائیر کی طالبہ زرینہ نے حاصل کی۔ جب کہ نعت سیکنڈ ایئر کی راحیلہ نے پیش کی۔ فرسٹ ایئر کی طالبہ ماریہ اور ان کی ساتھی طالبات نے علامہ اقبال کی معروف دعا ’یارب دلِ مسلم کو وہ زندہ تمنا دے‘ پہ ٹیبلو پیش کیا۔ جس کے بعد کالج کی لیکچرر مس نیلم مومل نے سپاس نامہ کیا، جس میں مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ انہیں کالج کے مسائل سے بھی آگاہی دی گئی۔

بعد ازاں کالج میں بزم ادب کی مختلف تقریبات جیسے کہ 14 اگست کی تقریب، ستمبر میں محفلِ میلاد، اکتوبر میں محفلِ مشاعرہ اور نومبر میں پیامِ اقبال کی تقریب میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والی طالبات سمیت اسپورٹس ویک میں حصہ لینے والی طالبات میں بھی انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں. جب کہ سالانہ ہوم ایگزم میں پوزیشن لینے والی طالبات کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خاص ایڈیشنل سیکریٹری تعلیمات بلوچستان ناصر دوتانی نے کہا کہ سریاب، کوئٹہ کا ایک قدیمی گنجان آباد علاقہ ہے، جہاں بچیوں کے لیے صرف ایک ہی ڈگری کالج کا ہونا المیے سے کم نہیں. ہمیں اندازہ ہے کہ یہاں دوردراز اور دورافتادہ علاقوں سے بچیاں تعلیم کی پیاس بجھانے آتی ہیں. میری کوشش ہو گی کہ کالج کو اسٹاف کی کمی، بسوں کی کمی، و دیگر مسائل کے لیے آئندہ پی ایس ڈی پی میں خاطر خواہ بجٹ رکھا جائے. علاوہ ازیں انہوں نے کالج کے پہلے سالانہ میگزین کی اشاعت اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر پرنسپل صاحبہ، انتظامیہ اور طالبات کو مبارک باد پیش کی۔

دریں اثنا کالج ہٰذا کی پرنسپل غزالہ امبرین سمالانی نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں کالج کے مزید مسائل سے آگاہی دی. ان کا کہنا تھا کہ شدید مشکلات اور محدود وسائل کے باوجود کالج کو فعال بنانا کسی چیلنج سے کم نہیں، اساتذہ اور طالبات کے تعاون سے ہم نے اب تک اس چیلنج کو کامیابی سے نبھایا ہے، امید ہے کہ حکام بالا اسے مزید فعال بنانے میں ہماری مدد کریں گے.

علاوہ ازیں سیکنڈ ایئر کی طالبہ مقدس بلوچ اور فورتھ ائیر کی ثمینہ گل نے استاد کی عظمت پر شاعری بھی پڑھ کر سنائی۔

تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔جب کہ تقریب میں نظامت کے فرائض کالج کی لیکچرر مس نیلم مومل اور وزیٹنگ فیکلٹی ممبر سرعابدمیر نے انجام دیے۔

Facebook Comments
(Visited 21 times, 1 visits today)

متعلق حال حوال

حال حوال
"حال حوال" بلوچستان سے متعلق خبروں، تبصروں اور تجزیوں پہ مبنی اولین آن لائن اردو جریدہ ہے۔