مرکزی صفحہ / اداریہ / ادارتی نوٹ برائے مصنفین

ادارتی نوٹ برائے مصنفین

ایڈیٹر

حال حوال کا قارئین اور لکھاریوں‌ کے ساتھ ڈیڑھ سال کا رشتہ ہے. حال حوال ٹیم کی کوشش رہی ہے کہ قارئین اور لکھاریوں‌ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے. لکھاریوں‌ کی کاوش اور حال حوال کی محنت نے ڈیڑھ سال میں‌ اس ناطے کو مضبوط کرنے میں‌ اپنا سا کردار ادا کیا ہے.

قارئین و لکھاری حال حوال!

جیسا کہ آپ کے علم میں‌ ہے کہ حال حوال کو اس کی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ سال سے رضاکارانہ بنیاد پر چلا رہی ہے. اس کا بنیادی مقصد بلوچستان کے ان مسائل کو اجاگر کرنا ہے جو عموما میڈیا کا حصہ نہیں بنتے. خبریں، خبروں‌ پر تبصرے اور تحریریں ہمیں‌ لکھاریوں‌ کے ذریعے ہی مصول ہوا کرتی ہیں جنہیں‌ شائع کر کے ہم قارئین تک پہنچانے کا کام کرتے ہیں. چونکہ یہ ویب سائیٹ رضاکارانہ بنیادوں‌ پر چلائی جا رہی ہے سو پوری ٹیم رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہی ہے. بسا اوقات ٹیم کے پاس وقت کی قلت ہوتی ہے یا انٹرنیٹ کا مسئلہ آ جاتا ہے, اس صورت میں‌ بعض تحریریں یا خبریں ہم بروقت شائع نہیں‌ کر پاتے جو ان لکھاریوں‌ پر گراں‌ گزرتا ہے جو تحریر بروقت چھپنے کے خواہش مند ہوتے ہیں. بسا اوقات دیر ہونے کی صورت میں‌ لکھاری تحریر کو سوشل میڈیا کا حصہ بنا دیتا ہے. جس سے ویب سائٹ کے لیے اس کی افادیت نہیں رہتی. گزارش یہ ہے کہ لکھاری ذرا صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں. 24 گھنٹے تک تحریر شائع نہ ہونے کی صورت میں‌ وہ تحریر بلاشبہ سوشل میڈیا کا حصہ بنا لیں.

چند ایسے لکھاری جو اپنی تحریر پہلے سوشل میڈیا پر ڈال دیتے ہیں‌ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ تحریر حال حوال کا بھی حصہ بنے. ایسے لکھاریوں‌ سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا میں‌ شائع کردہ تحریر حال حوال شائع نہیں‌ کرتا. اس صورت میں لکھاری وہ تحریر بھیجنے کی زحمت نہ کریں.

بہت سے لکھاری ایسے بھی ہیں‌ جن کی خواہش ہے کہ ان کی ایک ہی تحریر بیک وقت درجنوں آن لائن ویب سائیٹس کا حصہ بنے. ادارہ حال حوال ایسے لکھاریوں‌ کی ان تحریروں‌ کو چھاپنے سے معذرت خواہ ہے جو پہلے ہی کسی اور ویب سائیٹ پر شائع ہو چکی ہوں.

وہ لکھاری جو تحریر لکھتے ہی حال حوال کو ارسال کرتے ہیں, حال حوال کی ٹیم ان سے گزارش کرتی ہے کہ وہ لکھی گئی تحریر کو بھیجنے سے قبل کم از کم دو بار مطالعہ کریں اس سے انہیں خود اپنے مضمون کی اصلاح‌ کرنے میں‌ مدد ملے گی. اس سے یہ بھی ہو گا کہ جو وقت حال حوال ٹیم ایک یا دو مضامین پر لگا سکے گی, وہ وقت زیادہ سے زیادہ مضامین کی اپ لوڈنگ پر لگایا جا سکتا ہے.

جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے کہ حال حوال ٹیم رضاکارانہ بنیاد پر ویب سائیٹ‌ کو وقت دیتی ہے, اس سلسلے میں‌ ہمیں لکھاریوں‌ کا تعاون درکار ہو گا. لکھاری کوشش کریں کہ ان کی تحریر 700 سے 1000 الفاظ کے درمیان ہو. اس سے تجاوز نہ کریں. نئے لکھنے والے اپنا مختصر تعارف اور تصویر ضرور بھجوائیں. مضمون کا عنوان واضح اور نمایاں لکھیں. نیز یہ کہ تحریر بھجوانے کے بعد اشاعت کے معاملے میں ذرا سا تحمل کا مظاہرہ کریں.

ہم اپنے قارئین و مصنفین کے تعاون کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں.

Facebook Comments
(Visited 61 times, 1 visits today)

متعلق حال حوال

حال حوال
"حال حوال" بلوچستان سے متعلق خبروں، تبصروں اور تجزیوں پہ مبنی اولین آن لائن اردو جریدہ ہے۔