مرکزی صفحہ / سماجی حال / نوشکی: عوامی مسائل کے حل کے لیے ریلی، دھرنا، مارچ، شاہراہ بلاک

نوشکی: عوامی مسائل کے حل کے لیے ریلی، دھرنا، مارچ، شاہراہ بلاک

برکت زیب

کیڈٹ کالج کی عدم بحالی اور محکمہ صحت و محکمہ ایجوکیشن کے شعبوں میں مسائل کے خلاف مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر چیف آف رخشان سردار پرنس عبدالقادر بلوچ کی قیادت میں احتجاجی ریلی، دھرنا، مارچ، قومی شاہراہ بلاک، ٹریفک معطل.

تفصیلات کے مطابق چیف آف رخشان سردار عبدالقادر بلوچ کے قیادت میں مسلم لیگ ن کی جانب سے کیڈٹ کا لج کی کلاسز شروع نہ ہونے کے خلاف احتجاجی ریلی میر گل خان نصیر چوک اور نوشکی پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا، ڈھول کی تھاپ پر مظاہرینِ جلوس ریلی کی شکل میں نوشکی پریس کلب کے سامنے سے نوشکی تا کوئٹہ لانگ مارچ کے لیے روانہ ہوئے.

قومی شاہراہ پر پہنچ کر کوئٹہ تفتان آر سی ڈی شاہراہ کو دوگھنٹے تک بلاک کیا، جس سے ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی، پہیہ جام ہڑتال سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا. ایف سی کے نمائندے سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین پہیہ جام ہڑتال اور نوشکی تا کوئٹہ لانگ مارچ کو معطل کر کے پرامن طور پر منتشر ہوگئے.

اس موقع پر چیف آف رخشان سردار پرنس عبدالقادر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوشکی کے عوامی نمائندے عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہے ہیں، نوشکی کیڈٹ کالج کے مقابلے قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں کے کیڈٹ کالج مکمل اور فنکشنل ہو چکے ہیں، جب کہ بدقسمتی سے نوشکی کے عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی سے نوشکی کیڈٹ کالج گیارہ سال گزرنے کے باوجود تاحال عدم تعمیل کا شکار ہے، اور ہمارے بچوں کو پڑھانے کے لیے کلاسز شروع نہیں ہو سکی ہیں.

انھوں نے کہا کہ نوشکی کے شعبہ صحت اور ایجوکیشن تباہ حال ہو چکے ہیں، عوامی نمائندے صرف کرپشن تک محدود ہو چکے ہیں، انھیں نوشکی کے عوام کی کوئی فکر نہیں، سول ہسپتال میں ڈاکٹر وں کی شدید کمی ہے، ادویات عوام کو میسر نہیں ہو رہی ہیں، سکولوں کی حالتِ زار ناگفتہ ہے، ٹیچروں کی کمی سمیت لیٹرین اور پانی تک میسر نہیں، نوشکی کے عوام اس جدید دور میں بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، نوشکی میں ایم پی اے، ایم این اے اور دوسینیٹر ز موجود ہونے کے باوجود نوشکی کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ کمانڈنٹ نوشکی ملیشیا کے نمائندے کی جانب سے یقین دہانی ملنے کے بعد نوشکی تا کوئٹہ لانگ مارچ کو ملتوی کیا گیا ہے، اور قومی شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے معذرت کرتے ہیں، اگر کیڈٹ کالج نوشکی کی تکمیل اور کلاسز شروع نہ ہو سکیں تو دوبارہ ہم اپنے احتجاج کا آغاز لانگ مارچ کی صورت میں کریں گے.

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اشرف ساگر، احمد نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا.

Facebook Comments
(Visited 31 times, 1 visits today)

متعلق برکت زیب سمالانی

برکت زیب سمالانی
نوشکی میں مقیم برکت زیب کل وقتی صحافتی کارکن ہیں۔ مختلف میڈیا ہاؤسز کے ساتھ کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔ علاقائی مسائل کی رپورٹنگ اور تبصرہ نگاری کرتے ہیں۔ Email: brkat.zaib@gmail.com